
وزیر مملکت برائے اطلاعات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ اپوزیشن بلیک میلرز کا ٹولہ ہے۔
تفصیلات کے مطابق فرخ حبیب نے مریم نواز کے بیان پر ردِ عمل دیتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن بلیک میلرز کا ٹولہ ہے، اپوزیشن کے جلسے ملک بھر میں ناکام ہوئے، آر یا پار والے جگہ جگہ خوار ہو رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ شہباز شریف پر فردِ جرم عائد ہونے جا رہی ہے، رمضان شوگر ملز کے اکاؤنٹ میں اربوں روپے آتے ہیں، ن لیگ جعلسازی میں ہمیشہ نمبر ون رہی۔ان کا کہنا تھا کہ مقصود چپڑاسی کے اکاؤنٹ میں 4 ارب روپے منتقل ہوتے ہیں، مریم صفدر کہتی رہیں کہ لندن کیا پاکستان میں بھی ان کی کوئی جائیداد نہیں، مریم صفدر کے بھائی نے اقرار کیا کہ لندن فلیٹس ان کے ہیں، مریم صفدر نے 17 بار اپنے کیس میں التوا لی۔فرخ حبیب نے کہا کہ جب انہوں نے ٹرسٹ ڈیڈ بنائی تب کیلبری فونٹ آیا ہی نہیں تھا، عمران خان نے نہ فیکٹریاں لگائیں نہ بیرون ملک جائیدادیں بنائیں، لندن مفرور ہونے والوں کو بھی ملک واپس لایا جائے گا۔واضح رہے کہ مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ نیب پراسیکیوٹر نے تیاری کے لیے چار ہفتے کی مہلت مانگی جس پر عدالت نے ان کو تیاری کے لیے مہلت دی۔انہوں نے کہا تھا کہ انصاف میں تاخیر کا مطلب انصاف کی فراہمی سے انکار ہے، عدالت ثبوت مانگتی ہے تو نیب مہلت مانگ لیتا ہے، عمران خان نے گزشتہ روز شہری کے خلاف ریاستی ادارے کو استعمال کیا۔مریم نواز نے کہا تھا کہ خاتون اول کا احترام کرتے ہیں مگر معیار سب کے لیے یکساں ہونا چاہیے، لندن میں پی ٹی آئی کے لوگوں نے ہمارے گھر پر حملہ کیا، لوگوں کے گھروں میں دیواریں پھلانگ کر جانا افسوسناک ہے۔مسلم لیگ ن کی نائب صدر نے کہا تھا کہ پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کے بعد عوام آپ کو کن الفاظ سے یاد کرتی ہے، مجھے ڈیتھ سیل میں قید کیا گیا ،کیا میں کسی کی بیٹی نہیں؟ان کا کہنا تھا کہ عمران خان چینلز کی بندش کے بجائے اپنا اور وزراء کا منہ بند کریں، امید ہے تحریک عدم اعتماد کامیاب ہوگی، پاکستان اب مزید بربادی کا متحمل نہیں ہوسکتا ، اتحادی عوام کی آواز پرلبیک کہیں۔مریم نواز نے کہا تھا کہ اتحادی جماعتیں،ایم این ایز،ایم پی ایز تقریباً فارورڈ بلاک بنا کر بیٹھےہیں، عمران خان جس ملک میں جاتے ہیں تماشہ بنا کر آجاتےہیں، عمران خان پاکستان کے بنے بنائے تعلقات خراب کر دیتے ہیں۔مسلم لیگ ن کی نائب صدر نے کہا تھا کہ عمران خان کو وزیر اعظم ہاؤس کے ایک کمرے میں بند کر دینا چاہیے، دنیا کا پہلا وزیر اعظم ہے جو بنی گالا سے وزیر اعظم ہاؤس ہیلی کاپٹر پر جاتا ہے۔انہوں نے کہا تھا کہ عمران خان ریاستی نواب یا بادشاہ نہیں،آپکا بھی احتساب ہوگا، ایک ایک پائی کا حساب دینا ہوگا،لندن بھاگنے نہیں دیں گے، پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے سے مہنگائی مزید بڑھے گی۔مریم نواز نے کہا تھا کہ جن کا کچن دوسرے چلاتے ہیں انہیں مہنگائی کا کیا پتہ، عمران خان نے 4 سال انتقام کے علاوہ کچھ نہیں کیا، عمران خان کی جرائم کی فہرست طویل ہے، خاتون اول محترم لیکن سب کیلئے ایک معیار ہونا چاہیے۔مسلم لیگ ن کی نائب صدر نے کہا تھا کہ لندن میں پی ٹی آئی ورکرز گھر کے باہر مجھے گالیاں دیتے تھے، میری والدہ بیمار تھیں، پی ٹی آئی ورکرز نے گھر پر حملے کیے ، مخالفین کی کون سی بیٹی، بہو، ماں آپکے انتقام سے بچی؟انہوں نے کہا تھا کہ وزراء نے مجھ پر ذاتی حملے کیے،عمران خان انہیں شاباشی دیتے تھے، جو معیار خاتون اول کیلئے رکھتے ہیں وہی دوسروں کیلئے بھی رکھیں۔مریم نواز نے کہا تھا کہ محسن بیگ جب آپ کے ساتھ تھے تو اچھے تھے، عمران خان نے محسن بیگ کے خلاف ریاستی ادارے کو استعمال کیا، محسن بیگ نے عمران خان کیلئے فنڈنگ کی تھی، عمران خان کی ذہنی حالت پر ترس آتا ہے۔ Square Adsence 300X250