
وزيراطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ اسلامی تعاون تنظیم اجلاس کے خلاف بھارت اور اسرائيل سے زيادہ مہم اپوزيشن نے چلائی۔فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ او آئی سی اجلاس کی تاريخ 6 ماہ پہلے سے طے تھی اگر اپوزيشن اپنی تحريک مؤخر کرديتی تو کيا قيامت آجاتی ۔ انہوں نے کہا کہ اپوزيشن کی تمام کوششيں ملکی مفادات کو نقصان پہنچانے کی ہيں۔وزيراطلاعات کا کہنا تھا کہ منحرف ارکان کے گھروں سے کاليں آرہی ہيں، منحرف ارکان اپنے بچوں کو منہ دکھانے کے قابل نہيں رہے اگر وہ واپس نہ آئے تو تاحيات نااہل ہوجائيں گے۔واضح رہے کہ 19 مارچ کو اسلامی تعاون تنظیم وزرا خارجہ کونسل کے 48 ویں اجلاس کے موقع پر اسلامی دنیا کے وزرا خارجہ، مندوبین اور دیگر اعلیٰ شخصیات کی پاکستان آمد کے حوالے سے متحدہ اپوزیشن نے مشترکہ اعلامیہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کے داخلی سیاسی حالات اور سیاسی کشمکش کو کسی طور او آئی سی اجلاس پر اثر انداز نہیں ہونے دیا جائے گا۔اعلامیے سے قبل میڈیا سے گفتگو میں چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ اگر قومی اسمبلی کے اسپیکر پیر کو عدم اعتماد پیش نہیں کرتے تو وہ ایوان سے نہیں اٹھیں گے اور دیکھتے ہیں او آئی سی کانفرنس کیسے منعقد کی جاتی ہے۔