
راولپنڈی: عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ پاکستان پر چور اور ڈاکو مسلط کیے گئے ہیں اور چور دروازے سے اقتدار میں آئے ہیں۔
ہم نیوز کے مطابق سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے لال حویلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بارش کے دوران سب عمران خان کے لیے باہر نکلے ہیں۔ انہوں نے شرکا کو مخاطب کرتے ہوئے استفسار کیا کہ اگر آج بارش سے ڈر گئے تو کل شیلنگ کا مقابلہ کیسے کریں گے؟
عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا کہ یہ اپنےنیب کیسزختم کرنے کیلئے اقتدارمیں آئے ہیں، ان کے کیسز سے منسلک ڈاکٹر رضوان اور مقصود چپراسی کا انتقال ہو گیا ہے۔
واضح رہے کہ پی ٹی آئی کے زیر اہتمام مہنگائی کے خلاف ملک گیر احتجاج کا سلسلہ جاری ہے جب کہ پارٹی چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان شب دس بجے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکا سے خطاب کریں گے۔
ہم نیوز کے مطابق اس وقت پی ٹی آئی کے زیر اہتمام اسلام آباد میں ایف نائن پارک اور راولپنڈی میں کمرشل مارکیٹ میں احتجاج کیا جا رہا ہے جب کہ کراچی میں شاہراہ قائدین پر احتجاج کا سلسلہ جاری ہے۔
پی ٹی آئی کے زیر اہتمام لاہو رمیں لبرٹی چوک، فیصل آباد میں گھنٹہ گھر چوک، ملتان میں چوک شاہ عباس اور پشاور میں ہشت نگری میں احتجاج کیا جا رہا ہے۔
ہم نیوز کے مطابق پی ٹی آئی کے زیر اہتمام گوجرانوالہ، کوئٹہ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، صادق آباد، دادو، سکھر، سیالکوٹ، جیکب آباد، باجوڑ،سوات ،دیر،ہنزہ اوربونیرمیں بھی احتجاج کا سلسلہ جاری ہے۔
قوم کیساتھ مل کر کل آئندہ کے لائحہ عمل کا فیصلہ کریں گے، عمران خان
پی ٹی آئی کے زیر اہتمام منعقدہ ملک گیر احتجاجی مظاہروں میں شریک کارکنان موجودہ حکومت اور مہنگائی کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے پی ٹی آئی اور عمران خان کے حق میں نعرے لگا رہے ہیں جب کہ مظاہرین سے مقامی قائدین کے خطاب کا سلسلہ بھی جاری ہے۔