
پی ٹی آئی کے مزید 7 ارکان قومی اسمبلی عمران خان کا ساتھ چھوڑ کر سندھ ہاؤس پہنچ گئے۔ پارلیمان میں تحریک عدم اعتماد کی آندھی چلنے سے پہلے ہی پی ٹی آئی سرکار بظاہر تتر بتر ہوگئی۔اتحادیوں نے ساتھ چھوڑ دیا تو خود پی ٹی آئی کے مزید پنچھی بھی اڑ کر پی ڈی ایم کی سندھ ہاؤس منڈیر پر بیٹھ گئے منحرف ارکان میں 7 نئے ناموں کا اضافہ ہوگیا۔ڈاکٹر عامر لیاقت جنہوں نے صبح عمران خان کو ووٹ دینے کا دعویٰ اور وزیر اعظم کو مستعفی ہونے کا مشورہ دیا تھا، شام تک یو ٹرن لے کر متحدہ اپوزیشن کے ہوگئے۔سندھ ہاؤس پہنچنے والے دیگر پی ٹی ارکان میں چوہدری فرخ الطاف،جویریہ ظفر،عاصم نذیر، امجد فاروق کھوسہ،سمیع الحسن گیلانی اور سید مبین احمد شامل ہیں۔ جیالے رہنما یوسف رضا گیلانی نے میڈیا کے پوچھنے پر چلتے چلتے تصدیق بھی کردی ۔سندھ ہاوس میں اپوزیشن قائدین اور پی ٹی آئی کے منحرف ارکان کی بیٹھک میں وزیر اعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد پر مشاورت کی گئی۔ اجلاس میں مجموعی طور پر ایک سو نوے سے زائد ارکان نے شرکت کی۔