حمزہ شہباز کو ووٹ دیں اور 50کروڑ روپے حاصل کریں،پنجاب اسمبلی میں منڈی لگ گئی

لاہور ( نیوزڈیسک) صوبہ پنجاب کی وزارت اعلیٰ کے لیے اراکین صوبائی اسمبلی کو 50 کروڑتک کی پیشکش کا دعویٰ کردیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق صوبائی وزیر مراد راس نے دعویٰ کیا ہے کہ پنجاب کی وزارت اعلیٰ کے لیے دوبارہ پیسہ چل رہا ہے اور اس مقصد کے لیے ہمارے ایم پی ایز کو 30 سے 50 کروڑ کی پیشکش ہو رہی ہے ، یہ ہاری ہوئی پارٹی ہے اور یہ کیسے کہہ سکتے ہیں کہ حکومت بنا رہے ہیں۔پی ٹی آئی رہنماء میاں اسلم اقبال نے کہا کہ الیکشن کے لیے ہمارے نمبرز پورے ہیں لیکن پھر مویشی منڈی لگائی جا رہی ہے، عبرتناک شکست کے بعد بھی انہیں سمجھ نہیں آ رہی، یہ ضمیر فروشی کرکے دوسروں کے ضمیر خریدنے کی کوشش کر رہے۔اس موقع پی ٹی آئی پنجاب کی صدر ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ ہم جنگ نہیں لگانا چاہتے، 15 سیٹیں ہم جیت چکے ہیں، لوگ بتا چکے وہ کس پارٹی کو چاہتے ہیں، یہ لوگ جمہوریت کے دشمن ہیں، رانا ثنااللہ دھمکیوں والا لہجہ سنبھالیں، سانحہ ماڈل ٹاؤن کا قتل عام بھی آپ نے کیا، لوٹوں کی سیاست ٹھیک ہوتی تو عوام آپ کو ووٹ دیتی، اگر وزارت اعلیٰ کے الیکشن میں ضمیر فروشی ہوئی تو پی ٹی آئی آرام سے نہیں بیٹھے گی۔علاوہ ازیں پاکستان تحریک انصاف نے اپنے اراکین اسمبلی کو ایک بار پھر خبردار کیا ہے کہ جو رکن پارٹی ہدایت کے خلاف جائے گا وہ ڈی سیٹ ہو جائے گا ، پی ٹی آئی کے سینیٹر فیصل جاوید خان نے کہا کہ اعلیٰ عدلیہ کے فیصلے کے بعد یہ اسمبلی میں قائد اعوان کا پہلا الیکشن ہوگا اور جو رکن پارٹی ہدایت کے خلاف جائے گا ایک تو وہ ڈی سیٹ ہو جائےگا دوسرا مخالفت میں دیا ووٹ شمار بھی نہیں ہو گا، جو لوٹوں کے ساتھ ہوا کیا اس کے بعد بھی کوئی لوٹا ہوگا؟ اس لیے جس کی عددی اکثریت ہے وہ ہی وزیر اعلیٰ ہے۔سینیٹر فیصل جاوید نے کہا کہ ضمیروں کے سودے ، خرید و فروخت ، ہارس ٹریڈنگ ایک لعنت ہے، عدالت کے فیصلے کے بعد اس کا خاتمہ ہو جانا چاہیے ، ووٹ سے اجتناب کرنا بھی پارٹی ہدایت کی خلاف ورزی ہے اور ایسی صورت میں بھی آرٹیکل 63 اے لاگو ہوتا ہے ، ملک کو سیاسی استحکام کی ضرورت ہے ، حکومت ضد چھوڑے اور عوام کے فیصلے کو تسلیم کرے۔ دوسری طرف پاکستان تحریک انصاف اور مسلم لیگ ق نے بھی مسلم لیگ ن کی طرز پر اپنے ایم پی ایز کو گلبرگ ہوٹل منتقل کرنے کا فیصلہ کیا ہے ، ایم پی ایز کو ہوٹل میں ٹھہرانے کیلئے گلبرگ کے ایک ہوٹل میں بکنگ کرلی گئی ہے ، اپوزیشن ارکان آج رات ہوٹل میں منتقل ہوجائیں گے،اپوزیشن ارکان پنجاب اسمبلی میں وزیراعلیٰ کے انتخاب تک ہوٹل میں ہی قیام کریں گے۔

Source

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button