
ترجمان پیپلز پارٹی ذوالفقار علی بدر نے کہا ہے کہ حکومت کی نا اہلی کی وجہ سے لانگ مارچ کیا جا رہا ہے۔
ذوالفقار علی بدر نے جوہر ٹاؤن میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ لانگ مارچ کے سلسلے میں پریس کانفرنس کی جا رہی ہے، کل صبح 10 بجے مزار قائد پر حاضری کے بعد لانگ مارچ شروع ہوگا، حکومت کی نا اہلی کی وجہ سے لانگ مارچ کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ عوام کا کوئی پرسان حال نہیں ہے، بجلی، پیٹرول، گیس کی قیمتیں روز بڑھتی چلی جا رہی ہیں، عمران خان نے اس ملک کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا ہے، لانگ مارچ کا مقصد حکمرانوں کو گھر بھیجنا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ساڑھے تین سو ارب کے ٹیکس دوبارہ بجٹ میں لگائے گئے، سات روپے پیٹرول پھر مہنگا ہونے جا رہا ہے، کابینہ کے لوگ کرپٹ ترین ہیں، کھاد کا مسئلہ بنا، یوریا کی وجہ سے کسانوں کو نقصان پہنچا، یوکرائن میں پاکستانی پھنسے ہیں لیکن کوئی اقدام نہیں کیا جا رہا۔ذوالفقار علی بدر نے کہا کہ لانگ مارچ 5 کو لاہور پہنچے گا، لانگ مارچ گیم چینجر ثابت ہو گا، لاکھوں کی تعداد میں عوام لانگ مارچ میں شامل ہوں گے، 8 مارچ کو لانگ مارچ اسلام آباد پہنچے گا، اگر ہم اب باہر نا نکلیں تو عوام ہمیں معاف کر بھی دے تاریخ ہمیں معاف نہیں کرے گی۔انہوں نے کہا کہ سابق صدر آصف علی زرداری اپوزیشن کو اکھٹا کرنے میں لیڈنگ کردار ادا کر رہے ہیں، لاہور کے عوام باہر نکلیں گے اور سرپرائز دیں گے، پی پی پی کی مارچ اکیلے کی جا رہی ہے، اگر کوئی پارٹی سپورٹ کرے گی تو اسے خوش آمدید کہیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم کے مارچ سے پہلے ہی کوئی تبدیلی آ جائے گی، قانونی اور آئینی طریقہ سے حکومت سے گھر بھیجنا ہے، ایسا کوئی اقدام نہیں کریں گے جو غیر آئینی ہوگا۔ترجمان پیپلز پارٹی ذوالفقار علی بدر نے مزید کہا کہ 34 شہروں کو لانگ مارچ کو شیڈول میں رکھا گیا ہے، ہم پرامن لانگ مارچ کر رہے ہیں، تحریک عدم اعتماد کسی وقت بھی ہو سکتی ہے۔ Adsence Ads 300X250