
بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ دہشتگردی کے خلاف سکیورٹی فورسز کے جوانوں کی قربانیاں بے مثال اور حوصلے بلند ہیں۔
اپنے ایک بیان میں چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے ٹانک میں ملٹری کمپاؤنڈ پر دہشتگردانہ حملے کی شدید مذمت کی ہے۔پی پی پی چیئرمین نے واقعے میں سکیورٹی فورسز کے جوانوں کی شہادت پر افسوس کا اظہار کیا جبکہ بلاول بھٹو زرداری نے شہداء کے بلند درجات کی دعا کی ہے، لواحقین سے دلی تعزیت و یکجہتی کا بھی اظہار کیا۔بلاول بھٹو زرداری نے شہید صوبیدار میجر شیر محمد، شہید نائب صوبیدار زبید اور شہید حوالدار سہیل کو خراج عقیدت پیش کیا جبکہ بلاول بھٹو زرداری نے جام شہادت نوش کرنے والے لانس نائیک غلام آل، سپاہی مسکین علی اور سپاہی میر محمد کو بھی خراج عقیدت پیش کیا۔ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ دہشتگردی کے خلاف سکیورٹی فورسز کے جوانوں کی قربانیاں بے مثال اور حوصلے بلند ہیں، پوری قوم یک آواز ہے، دہشتگردوں کا مکمل صفایا کرکے ہی دم لیں گے۔واضح رہے اس سے قبل پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق 3 دہشت گردوں نے جنرل ایریا ٹانک میں ملٹری کمپاؤنڈ میں داخل ہونے کی کوشش کی جسے سیکیورٹی اداروں نے ناکام بنادیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے مؤثر انداز میں جوابی کارروائی کرتے ہوئے تینوں دہشت گردوں کو ہلاک کیا اور فوجی کمپاؤنڈ میں داخلے کی کوشش کو ناکام بنایا۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ دہشتگردوں کے ساتھ فائرنگ کے شدید تبادلے میں پاک فوج کے 6 جوانوں نے بہادری سے لڑتے ہوئے شہادت کو گلے لگا لیا۔آئی ایس پی آر کا مزید کہنا ہے کہ پاک فوج دہشت گردی کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہے اور ہمارے بہادر جوانوں کی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔ Adsence Ads 300X250