زہریلی مٹھائی سے بچے کی ہلاکت،کے ایم سی ملازم گرفتار

کراچی میں عوامی کالونی پولیس نے کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن (کے ایم سی) کے ایک ملازم کو کتا مار مہم کیلئے تیار کی گئی زہریلی مٹھائی اپنی موٹر سائیکل میں لے جانے پر گرفتار کرلیا گیا۔ غلطی سے زہریلی مٹھائی کھانے سے ایک بچہ جاں بحق ہوگیا تھا۔کراچی کے علاقے کورنگی کے ایریا میں ایک دو سالہ بچہ کتا مار مہم کیلئے تیار کی گئی زہریلی مٹھائی کے ایم سی ملازم کی موٹر سائیکل میں سے نکال کر کھانے سے جاں بحق ہوگیا جبکہ خاتون سمیت 3 افراد کو حالت بگڑنے پر جناح اسپتال منتقل کردیا گیا۔متوفی بچے کے والد وقاص کے مطابق بچوں نے علاقے میں پارک ایک موٹر سائیکل پر سے مٹھائی اٹھائی، یہ موٹر سائیکل مقامی حکومت کے ایک ملازم کی ہے۔عوامی کالونی پولیس نے منگل کو متوفی بچے کے والد وقاص کی مدعیت میں کے ایم سی ملازم کیخلاف پاکستان پینل کوڈ کی دفعہ 322 کے تحت ایف آئی آر نمبر 2021/850 درج کی ہے۔ضلع کورنگی کے سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) شاہجہاں خان نے سماء ڈیجیٹل سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ کے ایم سی ملازم کی شناخت منطور عبداللہ کے نام سے ہوئی ہے، پولیس نے اسے موبائل فون کی لوکیشن کے ذریعے حراست میں لے لیا ہے۔ایس ایس پی کا کہنا ہے کہ پولیس نے کے ایم سی سے رابطہ کیا اور جاننے کی کوشش کی کہ کوئی کتا مار مہم شروع کی گئی ہے یا ملازم نے کسی اور مقصد کیلئے زہریلی مٹھائی بنائی تھی۔انہوں نے بتایا کہ کے ایم سی نے تصدیق کی کہ آوارہ کتوں کو مارنے کیلئے شہر میں مہم چلائی جارہی ہے اور کتوں کو مارنے کیلئے کے ایم سی کی جانب سے زہریلی مٹھائی بنائی گئی تھی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button