
سندھ میں کرونا پابندیوں میں نرمی کردی گئی، انڈور تقریبات میں 500 افراد کی شرکت اور تعلیمی ادارے ایس او پیز کے ساتھ مکمل کھولنے کی اجازت کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق صوبہ بھر میں انڈور تقریبات میں 500 افراد کی شرکت کی اجازت ہوگی تاہم تمام افراد کا ویکسی نیٹڈ ہونا ضروری ہے۔محکمہ داخلہ کے مطابق آؤٹ ڈور تقریبات میں مکمل ویکسی نیٹڈ افراد کو شرکت کی اجازت ہوگی، ریسٹورنٹ اور ہوٹلوں میں اِن ڈور اور آؤٹ ڈور کھانے کی بھی اجازت دیدی گئی ہے۔سندھ حکومت نے جمز، سنیما، مزارات، پارکس اور اسپورٹس کلبس مکمل کھولنے کی بھی اجازت دے دی، آئندہ سے پبلک ٹرانسپورٹ میں ویکسین شدہ 80 فیصد مسافر سفر کرسکیں گے جبکہ 28 فروری تک پبلک ٹرانسپورٹ میں کھانا دینے پر پابندی ہوگی۔نوٹیفکیشن کے مطابق تعلیمی ادارے کرونا ایس او پیز کے ساتھ مکمل کھولنے کی اجازت ہے، صوبہ بھر میں کاروباری مراکز پر وقت کی پابندی ختم کردی گئی ہے تاہم تجارتی مراکز پر ایس او پیز پر عملدرآمد لازمی قرار دیا گیا ہے۔سندھ حکومت نے دفاتر میں ویکسین شدہ ملازمین کو 100 فیصد حاضری کی بھی اجازت دے دی ہے۔واضح رہے کہ این سی او سی نے گزشتہ روز 10 فیصد سے کم شرح والے شہروں میں پابندیوں میں مزید نرمی کا اعلان کیا تھا۔ اعلامیے میں کہا گیا تھا کہ انڈور اجتماعات اور شادی کی تقریبات میں 500 افراد کو شرکت کی اجازت دی گئی تھی جبکہ آؤٹ ڈور تقریبات اور اجتماعات میں ویکسین شدہ افراد شرکت کرسکیں گے۔