
قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے پاکستان سپر لیگ کے سیزن 7 میں کوئٹہ گلیڈی ایٹڑز کی نمائندگی کی تردید کردی۔کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئےسابق آل راؤنڈر قومی کرکٹ ٹیم شاہد آفریدی نے کہا کہ ‘پی ایس ایل 7 میں کس ٹیم کی نمائندگی کرونگا، اس بارے میں مجھے خود نہیں معلوم ہے’۔پاکستان سپر لیگ کے ساتویں سیزن میں ابھی تک کسی ٹیم کی نمائندگی کا فیصلہ نہیں کیا ہے۔بطور کرکٹر خود کو خوش قسمت سمجھتا ہوں دونوں فرنچائز کے ذمہ داران مجھ سے پیار کرتے ہیں۔اس سے قبل شاہد آفریدی نے اپنے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ ‘اگر ملتان سلطانز مجھے ریلیز کرتی ہے تو میں اپنے آخری سیزن میں گلیڈی ایٹرز کی نمائندگی کرنے کو ترجیح دوں گا’۔واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 2022 سیزن کے لیے پلیئر ڈرافٹ 8 دسمبر کو کروائے جانے کا امکان ہے۔واضح رہے کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مالک ندیم عمر متعدد بار کہہ چکے ہیں کہ پی ایس ایل کے اگلے سیزن میں شاہد خان آفریدی ان کی فرنچائز کے ساتھ ہونگے۔شاہد آفریدی کا کیرئیر 2 دہائیوں پر محیط رہا، انہوں نے 27 ٹیسٹ، 398 ون ڈے اور 99 ٹی20 انٹرنیشنل میچز میں پاکستانی ٹیم کی نمائندگی کی جبکہ وہ ٹی20 میں پاکستان کےلیے سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بالر بھی ہیں۔آفریدی نے اپنے ٹی20 کیریئر میں 97 وکٹیں حاصل کیں جبکہ ون ڈے میں لالا پاکستانی ٹیم کے لیے تیسرے سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بولر بھی ہیں جس میں انہوں نے حیرت انگیز طور پر 393 وکٹیں حاصل کی ہیں۔