
لاہورمیں پولیس کے مطابق لوہاری گیٹ کے قریب دھماکے کے نتیجے میں تین افراد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہو گئے ہیں۔
جمعرات کو لاہور کے علاقے لوہاری گیٹ کے قریب دھماکہ ہوا جس سے متعدد عمارتوں اور موٹرسائیکلوں کو بھی نقصان پہنچا۔ترجمان لاہور پولیس رانا عارف نے اردو نیوز سے بات کرتے ہوئے تین افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔ترجمان کا کہنا تھا کہ ’بم پرائز بانڈ کی دکان کے باہر موجود موٹر سائیکل میں نصب تھا۔ 20 افراد کے زخمی ہونے کی تصدیق کر سکتے ہیں۔‘دھماکے میں زخمی ہونے والے افراد کو قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ ریسکیو کا عملہ بھی جائے وقوعہ پر پہنچ گیا ہے۔وزیرداخلہ شیخ رشید احمد نے صوبائی حکومت سے دھماکے کی رپورٹ طلب کر لی ہے۔دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے انارکلی میں دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’دھماکے کے ذمہ داروں کو جلد گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔‘انہوں نے دھماکے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ ’پنجاب حکومت جاں بحق افراد کے لواحقین کے دکھ میں برابر کی شریک ہے۔‘انہوں نے اس دھماکے کو دہشتگردی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ’مُٹھی بھر دہشت گرد قوم کے پختہ عزم کو متزلزل نہیں کر سکتے، یہ واقعہ امن و امان کی فضاء کو سبوتاژ کرنے کی مذموم کارروائی ہے۔‘