وزیراعظم کا بشام کیلئے میڈیکل کالج اور گرانٹ کا اعلان کردیا

وزیراعظم شہباز شریف نے بشام میں میڈیکل کالج کا اعلان کردیا۔ کہتے ہیں کہ اگر عوام کو سستا آٹا نہیں ملا تو میں اپنے کپڑے بیچ کر عوام کو آٹا مہیا کروں گا۔ سابق حکمرانوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ 4 سال صرف عوام کو دھوکا دیا گیا، تحریک انصاف خزانہ خالی کرکے گئی ملک قرضوں میں جکڑا ہوا ہے، کب تک کشکول لیکر گھومتے رہیں گے، بھیک سے زندگی نہیں موت ملتی ہے۔وزیراعظم شہباز شریف نے شانگلہ کے علاقے بشام میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے میڈیکل کالج بنانے جبکہ بشام کیلئے 2 ارب روپے کی گرانٹ کا بھی اعلان کیا۔انہوں نے ملک میں آٹے کی بڑھتی ہوئی قیمت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آٹے کی جتنی قیمت آئندہ 2 دنوں میں پنجاب میں ہوگی اتنی ہی خیبرپختونخوا میں بھی ہوگی، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سے یہ درخواست کروں گا کہ صوبے میں عوام کو اتنی ہی قیمت میں آٹا مہیا کریں جتنی پنجاب میں ہے، اگر ایسا نہیں کرتے تو میں اپنے کپڑے بیچوں گا اور عوام کو آٹا مہیا کروں گا۔شہباز شریف کا کہنا تھا کہ اس قوم کی جو چیز ہے وہ آپ کی ہے، وہ چاہے جس صوبے کی ہے، وہ میں بیچوں گا اور سستا آٹا دوں گا، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سے اپیل کی کہ وہ علاج مفت کردیں، اگر ایسا نہیں ہوا تو شہباز شریف حاضر ہوگا اور یہ علاج مفت کرکے دے گا۔وہ سابق حکمرانوں پر برس پڑے، کہا 4 سال صرف عوام کو دھوکا دیا گیا، ان کے پلے کچھ نہیں اس لئے یہ دوسروں پر الزامات لگارہے ہیں، تحریک انصاف خزانہ خالی کرکے گئی ملک قرضوں میں جکڑا ہوا ہے، کب تک کشکول لیکر گھومتے رہیں گے، بھیک سے زندگی نہیں موت ملتی ہے، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات (یو اے ای) نے مدد و تعاون کا اعادہ کیا ہے۔وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ ایک طرف غداری کے سرٹیفکیٹ بانٹے جارہے ہیں، نااہل حکومت کی وجہ سے گیس اور تیل نہ آسکا، بدترین لوڈ شیڈنگ بھی کی، یہ معیشت کا بھٹہ بٹھا کر گئے۔

Source

Leave a Reply

Your email address will not be published.

11 + three =

Back to top button