
ترجمان حکومت پنجاب حسان خاور نے کہا ہے کہ پاکستان تحریکِ انصاف کفایت شعاری اور بچت کا منشور لے کر حکومت میں آئی۔
اپنے ایک بیان میں معاون خصوصی وزیرِاعلیٰ پنجاب و ترجمان حکومت پنجاب حسان خاور نے کہا کہ میڈیا میں وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ کی تزئین وآرائش پر 4 کروڑ 90 لاکھ روپے کی رقم خرچ کرنے کے حوالے سے ایک خبر گردش کر رہی ہے، یہ خبر توڑ مروڑ کر پیش کی جارہی ہے جس کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ خبر 8-کلب، سی ایم سیکریٹریٹ یا 90-شاہراہ قائد اعظم سے متعلق بھی نہیں، تزئین و آرائش کے لیے مختص یہ رقم سول سیکریٹریٹ میں واقع تاریخی دربار ہال پر خرچ ہو گی۔معاون خصوصی وزیرِاعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ سول سیکریٹریٹ میں واقع دربار ہال 102 سال پہلے تعمیر کیا گیا، دربار ہال انڈیا ایکٹ 1919 کے تحت بننے والی پہلی قانون ساز اسمبلی 1921 کے استعمال میں رہا۔حسان خاور نے کہا کہ دربار ہال کے کچھ دفاتر وزیرِ اعلیٰ پنجاب اور ان کے سٹاف کے لیے مختص ہیں، اس عمارت کی مرمت پر گزشتہ 24 سال سے کوئی خرچ نہیں کیا گیا۔ترجمان حکومت پنجاب نے یہ بھی کہا کہ تاریخی دربار ہال کی موجودہ حالت بوسیدہ اور مخدوش ہے، ضرورت اس امر کی ہے کہ اس تاریخی ورثے کو فوری بحال کیا جائے۔معاون خصوصی وزیرِاعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ تاریخی عمارات کی بحالی بہرحال ایک مشکل کام ہے جسمیں خاص وسائل درکار ہوتے ہیں۔حسان خاور نے کہا کہ دربار ہال کی بحالی میں ہر طرح کی بچت کو ملحوظِ خاطر رکھا گیا ہے، امید واثق ہے کہ اصل خرچ دیئے گئے تخمینے سے کم آئے گا۔انہوں نے کہا کہ دربار ہال ہمارا تاریخی ورثہ ہے، اسے زندہ رکھنا ہماری قومی ذمہ داری ہے، عوامی وسائل کی حفاظت وزیرِ اعظم عمران خان کا ویژن اور وزیرِ اعلیٰ پنجاب کی ہدایت ہے۔معاون خصوصی وزیرِاعلیٰ پنجاب و ترجمان حکومت پنجاب حسان خاور کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان تحریکِ انصاف کفایت شعاری اور بچت کا منشور لے کر حکومت میں آئی، دربار ہال کی تزئین و آرائش میں عوام کے ٹیکس کے پیسے کا ضیاع نہیں ہوگا۔ Square Adsence 300X250