پی ٹی آئی کے 25 منحرف ارکان پنجاب اسمبلی کے مستقبل کا فیصلہ آج

الیکشن کمیشن آج پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے 25 منحرف ارکان پنجاب اسمبلی کے مستقبل کا فیصلہ سنائے گا۔

الیکشن کمیشن کے پاس فیصلہ سنانے کے لیے آج آخری دن ہے کیونکہ الیکشن کمیشن ارکان کے خلاف ریفرنس پر 30 روز میں فیصلہ سنانے کا پابند ہے۔خیال رہے پی ٹی آئی کے منحرف ارکان اسمبلی نے وزیراعلٰی پنجاب کے انتخاب میں حمزہ شہباز کو ووٹ دیا تھا جس کے بعد تحریک انصاف کی جانب سے 25 منحرف اراکین کے خلاف ریفرنس بھیجا گیا تھا۔الیکشن کمیشن نے اس ریفرنس پر فیصلہ منگل کو محفوظ کیا تھا اور جمعے کو تین بجے سنایا جائے گا۔پاکستان تحریک انصاف کی درخواست پر سپیکر پنجاب اسمبلی نے ارکان اسمبلی کے خلاف ریفرنس الیکشن کمیشن کو بھجوایا تھا۔الیکشن کمیشن میں سماعت کے دوران تحریک انصاف کا موقف تھا کہ منحرف ارکان نے پارٹی فیصلے کے برعکس حمزہ شہباز کو ووٹ دیا۔ جس کے بعد وہ آئین کے آرٹیکل 63 اے کی خلاف ورزی کے مرتکب ہوئے اس لیے انھیں ڈی سیٹ کیا جائے۔ منحرف ارکان کا موقف تھا کہ پنجاب اسمبلی میں قائد ایوان کے حوالے سے تحریک انصاف نے انھیں کوئی ہدایات جاری ہی نہیں کی تھیں۔ اس لیے انھیں ڈی سیٹ نہیں کیا جا سکتا۔ ماہرین کے مطابق سپریم کورٹ کی جانب سے آرٹیکل 63 اے کی تشریح کے بعد الیکشن کمیشن کے فیصلے کی اہمیت مزید بڑھ گئی ہے۔ اگر الیکشن کمیشن تکنیکی بنیادوں پر ارکان کو ڈی سیٹ نہیں بھی کرتا تب بھی ان کا کاسٹ کیا گیا ووٹ اپنی اہمیت کھو چکا ہے اور حمزہ شہباز شریف ایوان میں قائد ایوان کے لیے درکار اکثریت کھو چکے ہیں۔ خیال رہے کہ آئین کے مطابق الیکشن کمیشن کے فیصلے کے خلاف فریقین سپریم کورٹ سے رجوع کر سکتے ہیں۔ جس کا فیصلہ حتمی ہوتا ہے۔ 

Source

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button