
ملک میں جاری توانائی بحران اور لوڈ شیڈنگ پر قابو پانے کے لیے پلان آج کابینہ اجلاس میں پیش کیا جائے گا۔
وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس آج ہو گا ۔ اجلاس میں وفاقی کابینہ کو بجلی کی لوڈشیڈنگ کا پلان پیش کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں مارکیٹیں شام 7 بجے بند کرنے اور ہفتے میں دو دن کی چھٹی کی منظوری متوقع ہے۔
اس سے قبل وزیر دفاع خواجہ آصف کی جانب سے لوڈ شیڈنگ پر قابو پانے کے لیے ہفتہ اتوار کی چھٹی اور جمعہ کی آدھی چھٹی کی تجویز دی جا چکی ہے۔
جبکہ توانائی بچانے کے لیے مارکیٹوں کی ٹائمنگ مقرر کر کےشام 7 بجے تک دکانیں بند کرنے کا پابند بنانے کی تجویز بھی زیر غور ہے ۔
وفاقی کابینہ 3 جون کے اقتصادی رابطہ کمیٹی کے فیصلوں کی توثیق بھی کرے گی۔ اس کے علاوہ ملکی سیاسی صورتحال پر گفتگو اور مشاورت ہوگی۔
کابینہ اجلاس میں الیکشن کمیشن کی سال 2021 کی رپورٹ پیش کی جائے گی۔ کابینہ کی منظوری کے بعد الیکشن کمیشن کی رپورٹ پارلیمنٹ میں پیش ہوگی۔