
کراچی: شہر قائد میں اسٹریٹ کرمنلز بے قابو ہو گئے ہیں اور انہوں نے دیدہ دلیری کا مظاہرہ کرتے ہوئے صرف چھ گھنٹوں میں ڈکیتی مزاحمت پر تین شہریوں کو جاں بحق کردیا گیا ہے۔ گولی لگنے سے ایک خاتون زخمی ہوئی ہیں۔
ہم نیوز نے اس ضمن میں بتایا ہے کہ کراچی کے پوش علاقے کلفٹن کے مشہور شون سرکل کے قریب ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر مسلح ڈاکوؤں نے فائرنگ کر کے ویر بھان نامی شہری کو جاں بحق کردیا۔
ایس ایس پی ایسٹ کے مطابق سپر ہائی وے کے قریب ڈکیتی کے دوران مزاحمت کرنے پر فائرنگ کر کے عبدالقدیر نامی شخص کو جاں بحق کردیا گیا۔ ابتدائی تفیتش کے مطابق عبدالقدیر پیشے کے اعتبار سے مزدور تھا اور ریتی بجری کا کام کرتا تھا۔
ہم نیوز نے بتایا ہے کہ مسلح ڈاکوؤں نے کشمیر روڈ پر ڈکیتی کے دوران مزاحمت کرنے پر 28 سالہ نوجوان شاہ رخ کو زندگی سے محروم کردیا۔ مقتول کے بھائی عدنان کے مطابق شاہ رخ کی صرف تین دن قبل شادی ہوئی تھی۔
علاقہ پولیس کےمطابق کورنگی کراسنگ کے قریب واقع شمیم مسجد کے نزدیک گولی لگنے سے ایک خاتون زخمی ہو گئی ہیں۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق زخمی خاتون کو علاج معالجے کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔