
امریکی عدالت میں ماڈل اور اداکارہ کم کاردیشین، باکسر فلائیڈ مے ویدر اور باسکٹ بال اسٹار پال پیرس پر کرپٹو کرنسی کو فروغ دینے کے الزام میں دھوکہ دہی اور فراڈ کا مقدمہ دائر کردیا گیا ہے۔
عدالت میں دائر کیے گئے مقدمے کے مطابق درج بالا تینوں سیلے بریٹیز نے ایتھریم میکس کے نام سے موجود کرپٹو کرنسی کو اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس اور دیگر طریقوں سے پروموٹ کر رہے تھے۔ تاہم گزشتہ دنوں ایتھریم میکس کی قدر 98 فیصد تک گر گئی جس کے نتیجے میں کھیل اور شوبز ستاروں کے ہزاروں فالوورز کے لاکھوں ڈالر ڈوب گئے۔امریکی میڈیا کے مطابق اس کیس کےمدعیان نے کِم ، مے ویدر اور پال پیئرس پر ’ پمپ اینڈ ڈمپ‘اسکیم کو فروغ دینے کے الزامات کیے ہیں۔ یہ دھوکہ دہی پر مبنی ایسی مالیاتی اسکیم ہے جس میں سرمایہ کار کسی چیز کی قمیت میں ہوش ربا اضافہ کرنے کے بعد اپنے شیئر بیچ کر بھاری منافع کما لیتے ہیں۔مے ویدر اور پال پیئرس کی جانب سے ایتھیرم میکس کو فروغ دینے کے بعد اس کی قدر میں 632 فیصد اضافہ ہوا۔ جب کہ باکسنگ اسٹار مے ویدر نے تو اپنے نمائشی میچ میں ایتھریم میکس کے ویب ایڈریس پر مشتمل شارٹس بھی پہنے ہوئے تھے۔ باسکٹ بال اسٹار پال پئرس نے اپنی ٹوئٹس کے ذریعے اس کرپٹو کرنسی کو پروموٹ کیا۔مقدمے میں نامزد تیسری سیلے بریٹی کم کاردیشن پر فریقین کی جانب سے الزام لگایا گیا ہے کہ انہوں نے اپنی انسٹاگرام اسٹوریز پر ایتھریم میکس کے بارے میں پوسٹ کی اور انہیں اس کوائن کو خریدنے کی ترغیب دی۔اس بارے میں حال ہی میں ہونے والے ایک سروے سے یہ بات سامنے آئی تھی کہ 19 فیصد افراد نے کم کاردیشن کی پوسٹ کے بارے میں سننے کے بعد ایتھریم میکس میں سرمایہ کاری کی تھی۔جب کہ کم کاردیشین کی پوسٹ کے اگلے دن ہی اس کرپٹو کرنسی کی قدر 98 فیصد گر گئی تھی۔ اور اس کوائن کےخالق کی والٹ ایکٹویٹی سے ظاہر ہوتا ہے کہ اس نے کرپٹو کرنسی کی قدر گرنے سے پہلے اپنے سارے کوائن فروخت کردیے تھے۔ Square Adsence 300X250