
گھر میں پانی کی ٹینکی اب زیادہ تر پلاسٹک والی استعمال ہوتی ہے۔ لیکن پہلے سیمنٹ سے بنائی گئی ٹینکیاں استعمال کی جاتی تھیں۔ ٹینکی چاہے جو بھی ہو دونوں کی صفائی کرنا ایک مشکل کام ہے۔ ٹینکی کے اندر اترو اس کا پانی نکالو، اس کو صاف کرو۔ لیکن مہینے میں ایک مرتبہ لازمی اس کی صفائی کرنی چاہیے تاکہ اگر کوئی مچھر، کیڑا، مٹی، کچرا یا کچھ بھی ٹینکی کے اندر چلا جائے تو اس کو بروقت صاف کرلیا جائے۔ اکثر اس کے پیندے میں مٹی جم جاتی ہے جس سے پانی میں مہک آتی ہے یا ذائقہ بدلا ہوا محسوس ہوتا ہے۔ مگر ہم اس کی صفائی کرنے سے کتراتے ہیں۔ آج جانیے سب سے آسان طریقہ جو آپ کی بڑی مشکل اسان کردے گا۔
ٹینک کی صفائی کرنے کا طریقہ:
٭ ایک مگ میں پانی لیں اور اس میں 2چمچ سرف اور 3 چمچ بلیچنگ پاؤڈر شامل کرلیں۔ یہ پاؤڈر آپ کو کسی بھی ڈٹرجنٹ بیچنے والے کی دکان پر باسانی مل جائے گا۔ بس اس پانی کو ٹینکی کے اندر ڈالیں اور کپڑے سے رگڑ کر صاف کرلیں۔ اب ظاہر ہے کہ ٹینکی کے اندر گھسنا ایک مشکل کام ہے تو آپ ایک ڈنڈے میں کپڑا لپیٹ لیں اور اس سے اندر کی طرف پھیر دیں۔ گندگی بھی صاف ہو جائے گی اور میل کچیل بھی کپڑے میں چپک جائے گی۔ اس کے بعد صاف پانی سے دھو لیں۔ اس طریقے سے ٹینکی صاف کرنے سے پانی میں چھوٹے موٹے پتنگے بھی نہیں آئیں گے۔
پانی گرم آتا ہے تو:
گرمی زیادہ ہونے کی وجہ سے پانی کی ٹنکیوں میں سے آنے والا پانی بھی گرم نکلتا ہے۔ جس سے دوپہر کے وقت تو خاص طور پر اگر بے دھیانی میں ہاتھ دھو لیے جائیں تو ہاتھ جل جاتے ہیں۔ غلطی سے اگر بچے پانی میں گھس جائیں تو رونے لگ جاتے ہیں۔ ظاہر ہے موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے ماحول میں بھی تبدیلی آتی ہے اور پانی بھی گرم ملتا ہے۔ پانی کی ٹنکی اب اکثر گھروں میں پلاسٹک والی استعمال ہوتی ہے۔ زیادہ تر کے گھروں میں تو پانی کی پلاسٹک والی ٹنکیاں ہی پائی جاتی ہیں اور اکثر گھروں میں سیمنٹ کی بنی ہوئی پانی کی ٹنکی بھی ہوتی ہے۔ وہ گھر جہاں پانی کا استعمال زیادہ ہے یعنی وہ گھر جہاں 2 یا زائد منزلیں ہیں وہاں پانی کی اضافی ضرورت کو پورا کرنے کے لئے لوگ سیمنٹ کی ٹنکی کے ساتھ پلاسٹک والی ٹنکی بھی لگا لیتے ہیں تاکہ بیک وقت پانی کی کمی نہ پڑے۔
لیکن اگر دونوں میں پائیداری، ٹھنڈے پانی کا حصول یا پھر فائدے مند ہونے کا موازنہ کیا جائے تو سیمنٹ کی ٹنکی ہر لحاظ سے بہتر ہے۔ کیونکہ اس میں پانی پلاسٹک کی ٹنکی سے زیادہ آ جاتا ہے۔ اب یہ تو سیمنٹ کی ٹنکی کی بنائی کا حساب ہے کہ کتنی اونچی ہے اور چوڑائی کتنی ہے۔ لیکن ایک عام پلاسٹک کی ٹنکی کا حجم کچھ گیلن ہی ہوتا ہے۔
سیمنٹ کی ٹنکی کی خاص بات یہ ہے کہ اس میں پانی پلاسٹک کے مقابلے میں ٹھنڈا رہتا ہے۔ چونکہ پلاسٹک کے مالیکیولز میں پانی کا پریشر بڑھتا رہتا ہے جس سے آپس میں کشش رہتی ہے جبکہ سیمنٹ میں ایسا دباؤ نہیں ہوتا، لہٰذا سیمنٹ پانی کو ٹھنڈا رکھنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ یہ ٹنکی ویسے بھی فائدے مند اس لیے سمجھی جاتی ہے کیونکہ اس میں مٹی اور پانی کا ایک خاص رابطہ رہتا ہے، جبکہ پلاسٹک کے مالیکیولز پانی کے دباؤ کو بڑھا دیتے ہیں۔