
یو ایس اوپن ٹینس گرینڈ سلم ایونٹ کے فاتح میدویدیف ہرنیا کی بیماری کا شکار ہو گئے ہیں اور وہ کسی بھی وقت سرجری کرا سکتے ہیں.
ڈینئیل میدویدیف کا کہنا ہے کہ وہ سرجری کی وجہ سے ایک سے دو ماہ تک ٹینس کورٹ سے دور رہیں گے۔ٹینس کی رینکنگ میں نمبر دو ڈینئیل میدویدیف نے کہا کہ رواں ماہ طبیعت خراب ہونے پر مجھے اس بیماری کا پتہ چلا ، اور طبی ماہرین کے مشورے پر جلد از جلد اس بیماری سے نجات حاصل کرنا چاہتا ہوں۔اس سرجری کے باعث میدویدیف ممکنہ طور پر فرنچ اوپن گرینڈ سلم ایونٹ میں شرکت نہیں کر پائیں گے، جو 22 مئی سےشروع ہو گا۔میدویدیف گزشتہ سال رولینڈ گیروز کے کوارٹر فائنلز تک رسائی حاصل کر چکے تھے۔ڈینئیل میدویدیف اے ٹی پی رینکنگ میں پہلی مرتبہ فروری میں نمبر ون پر آئے تھے جب نوواک جوکووچ ایونٹ سے باہر ہو گئے تھے۔یاد رہے کہ گزشتہ سال ستمبر میں ڈینئیل میدویدیف نے نوواک جوکووچ کو یو ایس اوپن کے فائنل میں شکست دی تھی، جبکہ رواں سال جنوری میں آسٹریلین اوپن کے فائنل میں انہیں رافیل ندال کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ Adsence Ads 300X250